پٹنہ،21؍اکتوبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)گجرات کے پاٹیدار لیڈر ہاردک پٹیل نے پاٹیدارریزرویشن تحریک کی حمایت کے لئے بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمار کو خط لکھ کرگجرات آنے کی دعوت دی ہے۔امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ نتیش گجرات جا سکتے ہیں۔جنتا دل (یونائیٹڈ)کے جنرل سکریٹری کے سی تیاگی نے جمعہ کو کہا کہ ہاردک پٹیل نے نتیش کمار کو گجرات آنے کی دعوت دی ہے۔انہوں نے کہا کہ مراٹھاکرانتی مورچہ، گوجر تحریک اور جاٹ مہاسبھانے بھی نتیش کمار کو اپنی اپنی ریاست میں مدعو کیا ہے اور ان کی قیادت میں یقین ظاہر کرتے ہوئے انہیں نوازنے کی تجویز دی ہے۔قابل ذکر ہے کہ راجگیر میں جنتا دل (یونائیٹڈ)کے حال میں ہوئی قومی کونسل کی میٹنگ میں پارٹی صدر نتیش کمار نے پاٹیدارو (پٹیل)، مراٹھوں، گوجروں اور جاٹوں کے ریزرویشن کی مانگ کوجائزٹھہرایا تھا۔تیاگی نے کہا کہ پاٹیدار تحریک کی قیادت کر رہے ہاردک پٹیل، مراٹھا کرانتی مورچہ کے کنوینربریگیڈیئرسدھیر سامنت، جاٹ مہاسبھاکے ڈاکٹر یدویر سنگھ اور راجستھان گوجر تحریک کے کنوینر ہمت سنگھ نے نتیش کمار کے اس بیان کا خیر مقدم کیا ہے جس میں انہوں نے پاٹیدار، گوجر، مراٹھا اور جاٹ سماج کے ریزرویشن تحریکوں کی حمایت کی ہے۔